ناقص اشیائے خورونوش تیار کرنے والے 6 یونٹس بند

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ناقص اشیائے خورونوش تیار کرنے والے 6 یونٹس کی پروڈکشن بند کر دی۔

فوڈ اتھارٹی نے خوردپور، سگیاں، جیل روڈ، ساندہ روڈ اور پیر غازی روڈ پر قائم 7 یونٹس پر چھاپے مارے، جہاں سے 84 ہزار کلو ناقص مکھن، 28 ہزار کلو مربہ و اچار اور 2600 کلو دیسی گھی تلف کر دیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے مطابق معروف یونٹ میں بغیر ٹیگنگ ناقص مکھن اور دیسی گھی سٹاک کیا گیا تھا، جبکہ گلی سڑی گاجریں، مولی اور شلجم ڈرموں میں رکھے پائے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ بغیر ڈھانپے اچار اور مربہ کیلئے رکھی گئی پھل اور سبزیوں پر فنگس اور کیڑوں کی بھرمار پائی گئی، مزید برآں ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت لازم ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔

کارروائی کے دوران پروڈکشن ایریا کے فرش پر پانی کھڑا اور خام مال زمین پر رکھا پایا گیا، جبکہ قوانین کے خلاف اچار اور مربہ بغیر ڈھانپے رکھا گیا تھا۔

سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر جعلساز مافیا کو صوبے میں خوراک کا کاروبار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، خوراک کا کاروبار کرنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین پر عملدرآمد انتہائی لازم ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ناقص اور غیرمعیاری اشیائے خورونوش کی تیاری، سپلائی اور فروخت سنگین جرم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں