کینیڈا میں حادثے کے بعد موٹر سائیکل ٹریفک سگنل کے پول سے لٹک گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
کینیڈا میں حیران کن حادثہ کیمرے میں محفوظ ہوگیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مصروف سرک پر ٹکرانے کے بعد موٹرسائیکل ٹریفک سگنل کے کھمبے سے لٹکی ہوئی ہے۔
واقعہ برٹش کولمبیا میں سرے ڈیلٹا بارڈر کے قریب 9 مئی کی سہ پہر کو پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹس کے مطابق موٹرسائیکل سلور بی ایم ڈبلیو سیڈان کے سامنے سے ٹکرا گئی کہ اس کے ٹکر سے موٹر سائیکل ہوا میں اڑی اور سڑک کے اوپر ٹریفک سگنل کے کھمبے پر پھنس گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چوراہے پر نظر آنے والے کھمبے سے موٹرسائیکل عجیب طور پر لٹکی ہوئی ہے، ایک مختلف زاویے سے حادثے کی ایک اور ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بھاری تباہ شدہ بی ایم ڈبلیو نیچے کھڑی ہے جبکہ ریسکیو اہلکار بھی موجود ہیں۔
وائرل ویڈیو کو ایکس پر تقریبا 20 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
عینی شاہد نے کہا کہ میں نیچے دیکھ رہا تھا اور پھر میں نے اوپر دیکھا تو موٹر سائیکل اوپر تھی۔ دوسرے شخص نے کہا کہ میں نے سب سے پہلے تباہ شدہ کار کو دیکھا لیکن ابتدائی طور پر یہ سمجھنے سے قاصر تھا کہ حادثے میں ملوث دوسری گاڑی کہاں گئی تھی۔
حکام نے بعد میں بتایا کہ موٹر سائیکل سوار کو شدید چوٹیں آئی ہیں لیکن اس کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ بی ایم ڈبلیو کا ڈرائیور حادثے میں بچ گیا۔










