ہونٹوں کی رنگت میں ازخود تبدیلی : ان کی خوبصورتی کا کیا راز ہے؟

ہونٹوں کی رنگت میں تبدیلی اکثر ایک معمولی کاسمیٹک مسئلہ سمجھا جاتا ہے مگر ماہرین کے مطابق یہ بعض اوقات جسمانی، ماحولیاتی یا طرزِ زندگی سے جڑی اہم وجوہات کی نشاندہی بھی کر سکتی ہے۔

ہونٹوں کا سیاہ پڑ جانا دراصل میلانن کی زیادتی کا نتیجہ ہوتا ہے، جس سے ہونٹوں پر گہرا رنگ یا دھبے نمودار ہونے لگتے ہیں، یہ کیفیت وقتی بھی ہو سکتی ہے اور بعض افراد میں مستقل بھی رہ سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ہونٹوں کی سیاہی کی سب سے عام وجہ سورج کی تیز شعاعوں میں زیادہ وقت گزارنا ہے۔ مسلسل دھوپ ہونٹوں میں میلانن بڑھا دیتی ہے، جس سے ان کی قدرتی رنگت متاثر ہوتی ہے۔

اسی طرح سگریٹ نوشی بھی ایک اہم سبب ہے کیونکہ تمباکو میں موجود کیمیکلز ہونٹوں کے نازک خلیات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

بار بار ہونٹ چاٹنے، پانی کم پینے اور ہونٹوں کو خشک چھوڑنے کی عادت بھی رنگت بدلنے کا باعث بن سکتی ہے، بعض کاسمیٹکس، لپ اسٹکس یا ٹوتھ پیسٹ میں شامل کیمیکل حساسیت پیدا کرکے یہ مسئلہ بڑھا دیتے ہیں۔

طبی وجوہات میں وٹامن بی 12 اور آئرن کی کمی نمایاں ہیں، بعض ہارمونل تبدیلیاں، ادویات کا استعمال یا الرجی بھی ہونٹوں کی رنگت پر اثر ڈال سکتی ہیں۔

اگر ہونٹوں پر اچانک سیاہ دھبے نمودار ہوں، رنگت تیزی سے بدلے، جلن یا درد محسوس ہو یا مناسب نگہداشت کے باوجود بہتری نہ آئے تو ڈاکٹر سے فوری رجوع ضروری ہے۔

علاج کا انحصار وجہ اور شدت پر ہوتا ہے۔ ہلکی نوعیت کے مسئلے میں وٹامن سی یا دیگر ہلکے اجزا والی کریمیں مفید ثابت ہو سکتی ہیں، جبکہ شدید صورتوں میں کیمیکل پیلنگ، لیزر تھراپی یا جدید ادویاتی اجزا استعمال کیے جاتے ہیں۔

گھریلو سطح پر شہد، ایلوویرا اور بادام کا تیل ہونٹوں کو نرم اور نم رکھنے میں مدد دیتے ہیں، مگر یہ بنیادی طبی مسئلے کا مکمل حل نہیں۔

ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ ہونٹوں کی حفاظت کے لیے ایس پی ایف والا لپ بام استعمال کیا جائے، سگریٹ نوشی ترک کی جائے، پانی زیادہ پیا جائے اور نرم و محفوظ کاسمیٹکس اپنائے جائیں۔

اس صورت حال میں ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقل احتیاط ہی ہونٹوں کی قدرتی خوبصورتی برقرار رکھنے کا بہترین طریقہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں