صنعا: یمن کے حوثی گروپ نے مدینہ منورہ کی جانب ڈرون بھیجنے اور سعودی سرزمین پر کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کرنے کی تردید کردی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے کہا کہ ان کی تنظیم نے نہ مدینہ منورہ کی طرف کوئی ڈرون روانہ کیا اور نہ ہی سعودی عرب کے خلاف کوئی فوجی آپریشن کیا ہے۔
حوثیوں کا یہ بیان سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ فضائی دفاعی نظام نے مدینہ منورہ اور سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں پانچ ڈرونز کو روک کر تباہ کردیا۔
تاہم حوثیوں نے سعودی اتحاد کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کسی بھی فوجی کارروائی میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈرونز کی شناخت اور انہیں بھیجنے کے ذمہ داروں کے حوالے سے تاحال آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ دونوں جانب کے بیانات میں تضاد برقرار ہے۔










