آج کل لوگوں میں اپنی ہر چیز کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی عادت ہو گئی ہے لیکن ایک خاتون کو یہ عادت بہت مہنگی پڑ گئی۔
کھانا ہو یا تفریح، کھیل ہو یا تقریب، شاپنگ ہو یا گھر کی سجاوٹ، اب لوگوں کی بڑی تعداد اپنی زندگی کی چھوٹی چھوٹی چیزوں کی سوشل میڈیا پر نمائش کرنے لگ گئے ہیں۔ تاہم ایک خاتون کو یہ عادت اتنی مہنگی پڑی کہ ساری زندگی یاد رہے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں چور ایک گھر سے طلائی زیورات لے اڑے، جن کی مالیت 10 لاکھ بھارتی روپے (پاکستانی 30 لاکھ روپے سے زائد) بتائی جاتی ہے۔
چوری کی واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفتیش کی تو پتہ چلا کہ گھر میں نقب لگا کر داخل ہونے والے چور گھر کے ایک ایک کمرے اور زیورات کہاں رکھے ہیں، سب کی معلومات رکھتے تھے۔
پولیس نے جب واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی تو ایک نقاب پوش شخص کو گھر کے باہر ان کیمروں کا زاویہ تبدیل کرتے دیکھا گیا، جس سے یہ شبہ ہوا کہ اس بڑی چوری میں کسی جاننے والے کا ہاتھ ہے، جو گھر کا فرد یا گھر میں اس کا معمول کا آنا جانا ہوتا ہے۔
تاہم تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ گھر کی خاتون سوشل میڈیا کی مشہور وی لاگر ہے، اور اس نے اپنے گھر، طرز زندگی اور زیورات کی متعدد بار سوشل میڈیا پر نمائش کی۔
پولیس کے مطابق چوروں نے ان ہی سوشل میڈیا ویڈیوز سے گھر کے اندرونی نقشے اور قیمتی اشیا کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور بعد ازاں واردات کو عملی جامہ پہنایا۔










