کان کا میل قدرتی مادہ ہے جو جسم کانوں کی حفاظت کیلیے خود بناتا ہے، لیکن یہ کیوں ضروری ہے اور صحت کے بارے میں کیا بتاتا ہے؟
میل دھول مٹی، کچرے اور جراثیم (بیکٹیریا) کو کان کی نالی میں جانے سے روکتا ہے تاکہ وہ انسانی جسم کے اندر داخل نہ ہو سکیں۔ یہ کان کے اندرونی حصے کی جلد پر ایک حفاظتی تہہ بنا دیتا ہے اور اسے خشک ہونے سے بچاتا ہے۔
مختلف رنگ اور ان کا مطلب
ہلکا پیلا یا اورنج رنگ: یہ بالکل نارمل اور صحت مند میل کی نشانی ہے جو عام طور پر بچوں اور بڑوں دونوں میں پایا جاتا ہے۔
گہرا پیلا یا بھورا رنگ: بڑوں میں یہ رنگ بھی نارمل ہوتا ہے، اس کا کا مطلب یہ ہے کہ میل کافی وقت سے کان کے اندر موجود ہے اور اس نے مٹی جمع کر لی ہے۔ بڑھتی عمر کے ساتھ بعض اوقات گہرا اور چپکنے والا میل آنا عام بات ہے اور یہ کسی بیماری کی علامت نہیں ہوتا۔
بہت گہرا بھورا یا کالا رنگ: بہت گہرا بھورا میل دیکھ کر پریشانی ہو سکتی ہے، لیکن عام طور پر یہ صرف پرانا میل ہوتا ہے جو وقت کے ساتھ جمع ہو جاتا ہے۔ اگر آپ کسی بہت زیادہ آلودہ علاقے میں رہتے ہیں یا وہاں سفر کرتے ہیں تو یہ میل کالا بھی ہو سکتا ہے۔ اگر گہرے بھورے یا کالے میل کے ساتھ کان میں درد ہو یا سننے میں مشکل ہو تو اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ میل نے کان کے راستے کو بند کر دیا ہے۔
چمکیلا یا گہرا سرخ رنگ: یہ کان کے اندرونی حصے میں کسی چوٹ یا زخم کی علامت ہو سکتا ہے۔ ایسا اکثر کان میں کوئی نوکیلی چیز یا کاٹن بڈز ڈالنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اگر خون مسلسل بہہ رہا ہو اور درد بھی ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
سبز رنگ یا پیپ کا بہنا: اگر کان سے سبز رنگ کا مادہ یا پیپ نکلے تو یہ کان میں انفیکشن کی واضح نشانی ہے، خاص طور پر اگر اس میں سے بدبو آ رہی ہو اور ساتھ میں درد اور بخار بھی ہو۔










