راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع میں انٹیلی جنس آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 9 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 26 اکتوبر 2026ء کو بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
ضلع وڈھ میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں مؤثر انداز میں روکا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد انجام کو پہنچ گئے، ضلع وڈھ میں کارروائی کے دوران بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی، قومی ایکشن پلان کی حکمتِ عملی کے تحت عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔










