Buy website traffic cheap


تعلیمی بورڈز کے پرائیویٹ سٹوڈنٹس کو پروموٹ نہ کرنے پر غور

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے تعلیمی بورڈز کے پرائیویٹ سٹوڈنٹس کو پروموٹ نہ کرنے پر غور جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق تعلیمی بورڈز کے پرائیویٹ سٹوڈنٹس کو پروموٹ نہ کرنے سمیت دسویں اور بارہویں کے امیدواروں کو 4سے 6 فیصد اضافی مارکس دینے پر بھی غور جاری ہے۔وفاقی وزارت تعلیم نے بورڈز سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ سٹوڈنٹس کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے 29 تعلیمی بورڈز اور 3 ٹیکنیکل بورڈز میں تقریبا 40لاکھ طالب علموں نے داخلے بھجوائے، مجموعی طور پر 30-35 فیصد پرائیویٹ امیدوار، سپلی، اکٹھے امتحانات اور بہتر نمبروں کے لیے امتحانات دینے والے سٹوڈنٹس شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہر بورڈ کا گزشتہ تین سالوں کے نتائج کا جائزہ لیا جائے گا اور نمبروں کے تناسب کے حساب سے امیدواروں کو پروموٹ کیا جائے گا، وزارت تعلیم نے 11 مئی کو اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کو ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے جس میں نویں اور گیارہویں کے طلباء کے امتحانات لینے بارے میں بھی غور کیا جائے گا۔