Buy website traffic cheap


جاپان پولیو ویکسین کی خریداری کیلئے پاکستان کو 4.57 ملین ڈالر دے گا

اسلام آباد: حکومت جاپان کی جانب سے پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے پاکستان کو مزید 4.57 ملین ڈالرز امداد دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ جاپان کی جانب سے دی گئی امداد سے 2021 کی پولیو مہمات کے لئے ویکسین کی خریداری کی جائے گی۔ اس ضمن میں حکومتِ جاپان، یونیسیف اور جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی (جائیکا) کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت نے کورونا وبا کے دوران بھی انسدادِ پولیو مہمات کا کامیابی سے انعقاد کیا حکومتِ پاکستان، جاپانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے تعاون سے پاکستان بہت جلد پولیو فری ملک بن جائے گا۔اس موقع پر جاپانی سفیر ایچ ای میٹسوڈا کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مشترکہ کوششوں سے پولیو سے پاک پاکستان کا ہدف حاصل کرلیں گے۔

سربراہ جائیکا شیگے کی فوروٹا نے اس موقع پر کہا کہ گرانٹ سے پولیو سے بچاو کی ویکسین کی خریداری ہوگی۔یونیسیف ایڈا گریما کے سربراہ کا معاہدے پر دستخط کے موقع پر کہنا تھا کہ حکومتِ جاپان سے ملنے والی گرانٹ سے انسدادِ پولیو مہمات میں بہتری آئے گی۔

خیال رہے کہ حکومتِ جاپان پولیو کے خاتمے کے لیے 1996 سے پاکستان کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔اس دوران حکومتِ جاپان، یونیسیف کے ذریعے پاکستان کو 226.37 ملین ڈالر کی گرانٹ اور قرضہ جات کے ذریعے پولیو پروگرام کیلئے امداد فراہم کر چکا ہے۔