پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر کے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو نظرِ بد سے بچانے کے لیے کیے گئے اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔ میدان میں بابر اعظم کی شاندار کارکردگی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، ویڈیو میں دونوں کے درمیان خوش گوار اور مزاحیہ لمحہ دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سلمان نصیر نے اپنے بٹوے سے کرنسی نوٹ نکال کر ان کے ذریعے سٹار بیٹر بابر اعظم کی نظر اتاری اور ان کو گلے بھی لگایا۔ بابر اعظم حال ہی میں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کرنے والے تیز ترین کھلاڑی بنے ہیں۔ وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں 4 ہزار رنز عبور کرنے والے واحد بیٹر ہیں جبکہ اس فارمیٹ میں 100 نصف سنچریاں بنانے والے چوتھے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔










