انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے چہرے پر سنگین چوٹ لگنے کے بعد زندہ رہنے پر خود کو خوش قسمت قرار دے دیا۔ انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کو بین سٹوکس نے کہا ہے کہ اگر گیند ذرا سی ادھر ادھر لگتی یا میں نے اپنا سر نہ موڑا ہوتا تو میں شاید زندہ نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ چہرے پر سنگین چوٹ لگنے کے بعد زندہ بچ جانا میری خوش قسمتی ہے، میں خود کو کافی خوش قسمت محسوس کر رہا ہوں کہ میں زندہ ہوں۔ واضح رہے کہ 34 سالہ بین سٹوکس کے ساتھ یہ واقعہ رواں سال فروری میں اس وقت پیش آیا جب وہ ڈرہم میں ایک نیٹ سیشن کنڈکٹ کر رہے تھے۔
وہ اکیڈمی کھلاڑیوں کو ٹریننگ دے رہے تھے کہ گیند ان کے چہرے پر لگی تھی جس کے نتیجے میں ان کی گال کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی اور انہیں فوری طور پر سرجری کروانا پڑی تھی۔ بین سٹوکس نے یہ چوٹ اپنے انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کی اور مزاحیہ انداز میں لکھا کہ تمہیں گیند کی حالت بھی دیکھنی چاہیے۔ انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین سٹوکس اگلے ماہ دو فرسٹ کلاس کاؤنٹی چیمپئن شپ میچز کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔










