اسلا م آباد،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں نے شہباز شریف کو 2 دفعہ وزیر اعظم بنوایا، چاہتا ہوں کہ وہ بطور وزیرا عظم 5 سال پورے کریں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ کے گندم کے آبادگاروں کے سپورٹ پروگرام کی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، منتخب نمائندے اور آبادگار شریک ہوئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو ایک یا ہزار صوبے بننے کی کوئی فکر نہیں ہے، عوام کی فکر معاش ہے، میں وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتا ہوں تاکہ وہ عوام کی معاشی مشکلات کے لیے کام کر سکیں، آپ فضل الرحمان کو پسند کریں یا نہ کریں وہ اپوزیشن کی بینچز پر بیٹھے ہیں، آپ خان صاحب کو پسند کریں یا نہ کریں ان کی جماعت موجود ہے، خان صاحب وہ ہیں جنہوں نے میرے والد کو جیل بھیجا، اگر انتقام پر یقین رکھتا تو کہتا کہ رگڑا دیتے رہو۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پیپلز پارٹی کی سوچ ہے جو ہم کہتے رہیں گے، بینظیر ہاری کارڈ کاشت کاروں اور چھوٹے زمینداروں کو ریلیف دینے کے لیے بنایا گیا ہے، کاشت کاروں کو 4 ہزار روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی کا یہی طریقہ ہے کہ معاشی بحران میں عوام کی مدد کی جائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ویٹ سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے، میں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ مشکل وقت نہیں دیکھا، ہمارے سامنے اب تک خطے میں امن کا کوئی معاہدہ نظر نہیں آیا، اس جنگ کے خاتمے تک عوام کو مشکلات کا سامنا رہے گا، ایسے حالات میں عوام کو ریلیف دلانے کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے، پوری دنیا میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، افسوس کہ پاکستان میں عوامی مسائل پر توجہ دینے کی روایت ختم ہو گئی ہے، پیپلز پارٹی کا آج بھی فوکس عوام کو ریلیف دینے پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ چھوٹے کاشت کاروں کی مدد کی ہے، چھوٹے کاشت کار زرعی شعبے کا نوے فیصد حصہ رکھتے ہیں، ان کاشت کاروں کی بینظیر ہاری کارڈ سے مدد کی جا رہی ہے، جو حالات ہیں مشکلات مزید بڑھیں گی، کھاد کا ملنا مشکل ہو جائے گا، پیپلز پارٹی زرعی شعبے کی مشکل وقت میں امداد کے لیے کوشاں ہے، تھرپارکر اور عمر کوٹ کو آفت زدہ قرار دینے کا بھی خیرمقدم کرتا ہوں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے متاثرہ خاندانوں کو 8 ہزار دینے کا بھی خیرمقدم کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے اسی لیے سندھ حکومت نے 10 لاکھ گھر بنائے، نہ صرف گھر بنائے بلکہ کئی ملین روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے، حکومت سندھ نے کراچی میں خاص طور پر ورلڈ کلاس علاج کی سہولیات دی ہیں، این آئی سی وی ڈی اور جناح سمیت سندھ کے اسپتالوں میں مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے، یہ نہیں چاہتے کہ غربت اور علاج کی عدم دستیابی کی وجہ سے بزرگ مشکلات کا شکار ہوں، ایک زمانے میں پاکستانیوں کو علاج کے لیے باہر جانا پڑتا تھا، اب عوام کراچی کے جناح اسپتال یا گمبٹ میں جا کر مفت علاج کرا سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کو پیپلز پارٹی کا منشور اپنا لینا چاہیے، سیاسی جماعتیں تمام اختلافات بھلا کر معاشی بحران سے نکلنے پر اتفاق کر لیں، ہم نے شہباز شریف کو دو بار وزیراعظم بنایا، ایک بار ان کے ساتھ کابینہ میں بھی رہا، ہمیں وزیراعظم کو اتنا مضبوط کرنا چاہیے کہ وہ غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کر سکیں، وزیراعظم صاحب اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، جنگ میں بھی وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے امن کے لیے بھرپور کوششیں کیں، وزیراعظم کو معاشی مشکلات سے نمٹنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا، وزیراعظم کو موقع ہی نہیں دیا گیا کہ انہیں اپنا ایجنڈہ سیٹ کرنے دیا جائے، جب بھی وزیراعظم غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنا چاہتے ہیں تو کوئی وزیر اٹھ کر اپنا ایجنڈہ سامنے لے آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روایت رہی ہے کہ وزیراعظم کو کمزور کر کے اپنی کرسی کے لیے راہ ہموار کی جاتی ہے، میں چاہتا ہوں کہ شہباز شریف پہلے وزیراعظم بنیں جو پانچ سالہ مدت پوری کریں، پاکستان کی خوشحالی کے لیے تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، وزیراعظم کی مرضی ہے کہ وہ میری تجاویز پر دھیان دیں یا نہ دیں، عوام کے اصل ایشوز کی طرف میڈیا اور سیاستدانوں کی توجہ دلاتے رہیں گے، وزیراعلیٰ اور وزیر زراعت کو مبارک کہ وہ معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو نہیں بھولے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام 27-2026ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی اے پی کھاد کی سبسڈی بروقت فراہم کرنے اور گندم کے کاشتکاروں کو مزید سہولیات دینے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی تاخیر کے باعث کسی بھی اہل ہاری کو امداد سے محروم نہیں رہنے دیا جائے، ہاریوں کو حکومتی مدد اسی وقت ملنی چاہیے جب انہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہو، زمین کی تیاری اور فصل کی کاشت کے مرحلے پر ہاریوں کی مالی معاونت ضروری ہے۔
سندھ حکومت نے زرعی مداخل کی بڑھتی قیمتوں میں کمی کے لیے سپورٹ پروگرام مزید مؤثر بنایا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے اہل گندم کے آبادگار ڈی اے پی سبسڈی حاصل کر سکیں گے، محکمہ خوراک کو گندم فراہم کرنے والے ہاریوں کو فی من 2 ہزار روپے اضافی ادا کیے جائیں گے، ہاریوں کو کاشت کے وقت مالی مدد اور فصل فروخت کرنے پر اضافی معاوضہ دیا جائے گا۔
ڈی اے پی سبسڈی سے چھوٹے ہاریوں پر کھاد اور کاشت کے اخراجات کا بوجھ کم ہوگا، اہل ہاریوں کو تصدیق شدہ گندم کے زیر کاشت رقبے کے مطابق فی ایکڑ 4 ہزار روپے دیے جائیں گے، محکمہ خوراک کو گندم فراہم کرنے والے آبادگاروں کو فی من 2 ہزار روپے اضافی معاوضہ ملے گا، حکومت کاشت کے وقت ہاریوں کی مدد اور پیداوار کی فراہمی پر اضافی معاوضہ دیتی ہے، پروگرام کا مقصد گندم کی پیداوار میں اضافہ اور غذائی تحفظ کو مضبوط بنانا ہے، چھوٹے آبادگاروں کو براہ راست اور شفاف مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت اور ضلعی انتظامیہ امدادی پروگرام پر بروقت عمل درآمد یقینی بنائیں، تصدیق اور کارروائی میں تاخیر سے ہاریوں کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے، ہاری ڈی اے پی سبسڈی کی رقم خصوصی طور پر کھاد کی خریداری پر خرچ کریں، ڈی اے پی کھاد کے استعمال سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار بہتر بنانے میں مدد ملے گی، ہاری اپنی رجسٹریشن مکمل اور گندم کے زیر کاشت رقبے کی درست تصدیق کروائیں، بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے ہاریوں کو براہ راست مالی امداد فراہم کی جاتی رہے گی۔
زرعی شعبے سے وابستہ محنت کشوں کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ سال بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے آبادگاروں کو 41 ارب 84 کروڑ روپے منتقل کیے گئے، 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے 3 لاکھ 33 ہزار 125 رجسٹرڈ ہاریوں کو مالی امداد فراہم کی گئی۔
گزشتہ سال گندم کی کاشت اور پیداوار میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سندھ میں گندم کی کاشت کے رقبے میں 25.7 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ سال کے مقابلے میں گندم کی مجموعی پیداوار میں 38.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سندھ نے گزشتہ پانچ سال کے دوران گندم کی بہترین فصل حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ کہ وہ مصروفیات کے باوجود آئے، یہ پروگرام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق بنا ہے۔
حکومت سندھ نے ہمیشہ زراعت پیشہ افراد کی مدد کی ہے، ہمارے ہاری پورے پاکستان کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے محنت کرتے ہیں، اگر ہم اس ہاری کو سپورٹ کریں گے تو صوبہ خوشحال ہوگا اور دوسری متعلقہ صنعتیں چلیں گی، ہاری کی محنت کی وجہ سے ملک خوشحال ہوتا ہے، کسانوں کی فصل سے زرمبادلہ بھی آتا ہے، زرعی شعبہ پر جب بھی مشکل وقت آیا حکومت نے مدد کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2022 کے سیلاب میں سب سے زیادہ نقصان زرعی شعبے کا ہوا، فصلیں ڈوب گئیں، کاشت کاروں کے گھر گر گئے، چیئرمین بلاول کے ویژن کے مطابق ہم نے 21 لاکھ گھر بنائے جن میں اکثریت کاشت کاروں کی ہے، نہ صرف گھر بنا کر دیے بلکہ فوری طور پر گندم کا امدادی پروگرام بھی دیا، اسی پروگرام کی وجہ سے سب سے بڑی فصل ہم نے حاصل کی، اس کے بعد وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے باعث یہ ویٹ سپورٹ پرائس نہیں دی گئی۔
نگراں حکومت نے گندم درآمد کی، مارکیٹ میں مقامی فصل کی قیمت گر گئی، نتیجتاً 2025 کی فصل میں 1 ملین ٹن گندم کم ہو گئی، اس کے بعد ہم نے بینظیر ہاری کارڈ بنایا، ڈیٹا کی بنیاد پر گزشتہ سال ہم نے ویٹ سپورٹ پروگرام تشکیل دیا، چھوٹے کاشت کاروں کو یوریا اور ڈی اے پی دیے، گزشتہ سال ہماری فصل 4.9 ملین ٹن کی ریکارڈ سطح پر ہوئی ہے، سوچیں اگر یہ اضافہ نہ ہوتا تو کتنی گندم امپورٹ کرنی پڑتی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ہم نے 4500 روپے فی من کی منظوری دلائی ہے پورے ملک میں، ہم نے تھرپارکر اور عمر کوٹ ضلع کی 25 دیہوں کو آفت زدہ قرار دیا ہے، تھرپارکر اور عمر کوٹ کے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو بینظیر انکم سپورٹ کارڈ کے ذریعے امداد دی جائے گی، 20 لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو 3 قسطوں میں 8 ہزار روپے فی خاندان دیں گے، پہلی قسط یکم دسمبر تک متاثرین کو مل جائے گی، یہ امداد آٹے، چارے اور دوسرے اخراجات کے لیے دی جا رہی ہے، دوسری قسط یکم جنوری اور تیسری یکم فروری تک متاثرین کو مل جائے گی، یہ پروگرام 5.3 ارب روپے کا ہے، زرعی شعبے کی براہ راست مدد کے لیے بھی ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے، پانی کے بہتر استعمال کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکومت سندھ کے کئی اقدامات ہیں جو لوگوں کو نظر نہیں آتے، کسی نے ایسی عینک لگا رکھی ہے جس کو سب خراب ہی نظر آ رہا ہے وہ سندھ کے عوام سے پوچھ لے، وہ سندھ کے عوام سے پوچھ لیں کہ وہ بار بار پیپلز پارٹی کو ووٹ کیوں دیتے ہیں، ہمیں عوامی اعتماد کے سوا کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیر زراعت محمد بخش مہر نے سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کے پروگرام کے تحت 3 لاکھ 33 ہزار 125 رجسٹرڈ ہاریوں کو امداد فراہم کی گئی، بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے 41 ارب 84 کروڑ روپے ہاریوں کو براہ راست منتقل کیے گئے، سندھ میں گندم کی کاشت کا رقبہ 30 لاکھ 90 ہزار ایکڑ سے بڑھ کر 38 لاکھ 80 ہزار ایکڑ ہو گیا، گندم کی فی ایکڑ اوسط پیداوار میں 10.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سندھ میں گندم کی مجموعی پیداوار 35 لاکھ 40 ہزار ٹن سے بڑھ کر 49 لاکھ 10 ہزار ٹن ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ 10 نومبر 2026 تک 5 لاکھ 57 ہزار 708 ہاریوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی تھی، رجسٹرڈ آبادگاروں کے زیر کاشت رقبے کا مجموعی حجم تقریباً 45 لاکھ 50 ہزار ایکڑ ہے، موجودہ پروگرام میں ایک لاکھ 57 ہزار 569 نئے کسانوں کی رجسٹریشن مکمل کی گئی، نئے رجسٹرڈ آبادگاروں کے زیر کاشت رقبے کا حجم تقریباً 16 لاکھ 50 ہزار ایکڑ ہے، 62 ہزار 588 مستحقین کو ایک ارب 42 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں، سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام میں 38 ہزار 661 خواتین ہاریوں کی رجسٹریشن بھی مکمل کی گئی ہے۔وزیر زراعت نے کہا کہ ہاری آن لائن درخواست یا فیلڈ اسسٹنٹس کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، فیلڈ اسسٹنٹس ہاریوں کے گھروں پر پہنچ کر رجسٹریشن کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، زمین کی ملکیت اور گندم کی کاشت کے رقبے کی تصدیق کے بعد امدادی رقم منتقل کی جائے گی، اہل آبادگاروں کی مالی امداد براہ راست بینظیر ہاری کارڈز میں منتقل کی جاتی ہے۔
پروگرام کی نگرانی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ڈیش بورڈ تیار کیا گیا ہے، مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کے ذریعے پروگرام کی پیش رفت اور شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، رجسٹریشن اور تصدیق کے منتظر معاملات نمٹائے جا رہے ہیں، کسی بھی اہل ہاری کو حکومتی امداد سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت زرعی معیشت مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے، آبپاشی نظام میں بہتری، جدید زرعی مشینری اور معیاری بیجوں کے فروغ پر کام جاری ہے، زرعی تحقیق اور بہتر گوداموں کے نظام کو فروغ دیا جا رہا ہے، شمسی توانائی سے چلنے والے آبپاشی نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں، سولر ٹیوب ویلز کے ذریعے زرعی شعبے کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، زرعی مشینری اور کولڈ اسٹوریج کی سہولیات میں بہتری کے اقدامات جاری ہیں، جدید زرعی سہولیات سے پیداواری اخراجات اور پانی کے ضیاع میں کمی لانے میں مدد ملے گی، فصل کی کٹائی کے بعد ہونے والے نقصانات کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔










