عطا تارڑ

نئے صوبوں کی تشکیل پر مؤقف واضح، عوامی رائے لی جائے: عطا تارڑ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 کے ضمنی انتخابات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی جس میں عطاء اللّٰہ تارڑ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عطاء اللّٰہ تارڑ کی جانب سے ان کے وکیل سجیل سواتی نے مؤقف اختیار کیا کہ دورے کا مقصد ذاتی تھا، انتخابی مہم چلانا نہیں تھا، وکیل کی ذاتی دعوت پر وہاں گئے تھے، متعلقہ تقریب میں امیدوار بھی موجود نہیں تھا۔

عطاء تارڑ کی جانب سے وکیل نے کہا کہ ہم کمیشن کی بہت عزت کرتے ہیں اور ذمے دار اراکینِ پارلیمان ہیں، ایسا کوئی کام نہیں کر سکتے جو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہو، اس حوالے سے تحریری جواب بھی جمع کروا چکے ہیں اور غیر مشروط معذرت کرتے ہوئے خود کو کمیشن کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آپ بے شک وکیل کی دعوت پر گئے تھے، لیکن آپ وفاقی وزیر بھی ہیں۔

سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل پر ہمارا مؤقف بڑا واضح ہے، عوامی رائے لی جائے اور اگر عوام کی رائے ہو تو صوبے بننے چاہئیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ کل صدر مملکت سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی جس میں معاملات پربات کرنے، افہام وتفہیم سے آگے بڑھنے پربات چیت ہوئی، ریفرنڈم سے متعلق آئینی شق واضح ہے، کسی بھی قومی اہمیت، بلک امپورٹنس کے ایشو پر ریفرنڈم کرایا جاسکتا ہے، عوامی رائے بھی طلب کی جائے گی، میں سمجھتا ہوں کہ عوامی رائے آنی چاہیے، عوامی رائے تو آنی ہے، عوامی رائے آئے گی، اس کے بعد دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں