اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے غیر سفارتی، غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی الزامات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد الزامات کا پاکستانی نمائندے نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے حوالے سے پاکستان کے جائز تحفظات کا جواب دے۔ پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے خلاف بھارتی دشمنی بھی واضح ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی ملوث ہے۔ پاکستان متعدد بار دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے پر اپنے تحفظات اٹھا چکا ہے۔
ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ اقوام متحدہ میں جھوٹ پھیلانے کے بجائے مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔










