ماسکو: روس نے پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
ماریہ زخارووا نے کہا کہ اگر اسلام آباد اور کابل دونوں درخواست کریں تو ماسکو مذاکرات کے انعقاد میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس پاکستان اور افغانستان کو دوست ممالک سمجھتا ہے اور دونوں کے درمیان بات چیت کو علاقائی امن و سلامتی کے لیے ضروری قرار دیتا ہے۔
ماریہ زخارووا نے افغانستان میں داعش خراسان سمیت بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ مشترکہ مقصد ہونا چاہیے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دوہرے معیار یا پوشیدہ ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں۔
روسی ترجمان نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک دوطرفہ اور کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر اس حوالے سے قریبی تعاون اور مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے ماسکو فارمیٹ، روس، چین، ایران اور پاکستان کے چار ملکی مشاورتی نظام، افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے رابطہ نظام اور شنگھائی تعاون تنظیم کو علاقائی تعاون کے اہم پلیٹ فارمز قرار دیا۔
ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس علاقائی مسائل کے حل کے لیے علاقائی ممالک کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ افغانستان میں استحکام کے لیے سماجی و اقتصادی ترقی اور ریاستی اداروں کی سکیورٹی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا بھی ضروری ہے۔
پاکستانی طلبہ کے اسٹوڈنٹ ویزوں پر کوئی پابندی نہیں، روس
انہوں نے نشاندہی کی کہ متعدد پاکستانی اسکالرشپ طلبہ ویزا دعوت ناموں کے منتظر ہیں، جبکہ ماسکو کی بعض یونیورسٹیوں کے مطابق روسی مائیگریشن حکام یونیورسٹی کنٹریکٹس کے تحت داخلہ لینے والے پاکستانی طلبہ کی درخواستیں قبول نہیں کررہے۔
اس پر ماریہ زخارووا نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ روس میں پاکستانی شہریوں کو اسٹوڈنٹ ویزے جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ طلبہ کے مخصوص کیسز کی تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر ان کا جائزہ لیا جاسکے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ فراہم کردہ معلومات اپنے متعلقہ ساتھیوں تک پہنچائیں گی اور ہر کیس کا روسی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے انفرادی طور پر جائزہ لیا جائے گا۔
ماریہ زخارووا نے متاثرہ پاکستانی طلبہ کے کوائف اور متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے کی درخواست بھی کی تاکہ ویزا دعوت ناموں کے حصول میں درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔










