امریکی وزیر خارجہ

ایران کے خلاف معاشی دباؤ بڑھائیں گے:امریکی وزیر خارجہ

پیرس: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف مزید بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کی ضرورت نہیں، تاہم ایرانی حکومت پر معاشی دباؤ مزید سخت کیا جائے گا۔
پیرس میں گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کی رجیم خود ہی اپنے ملک کو تباہ کر رہی ہے، ایران کے خلاف معاشی دباؤ کی حکمت عملی کامیاب ہو رہی ہے اور بحری ناکہ بندی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے بڑے پیمانے پر تیل کی ترسیل جاری ہے، ایران کے ساتھ ثالثوں کے ذریعے رابطے اور بات چیت بھی جاری ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن اس کی موجودہ شرائط ناقابل قبول اور حقیقت سے بہت دور ہیں۔ ایران ہرجانے کا مطالبہ کر رہا ہے، تاہم ایسا نہیں ہوگا۔ امریکا ایران کے ساتھ کسی خراب معاہدے پر اتفاق نہیں کرے گا۔

مارکو روبیو نے خبردار کیا کہ ایران نے کشیدگی میں اضافہ کیا تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی، جبکہ ایران پر معاشی پابندیوں اور دباؤ میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

یوکرین اور روس کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس معاملے پر امریکا اور یورپ کے مقاصد یکساں ہیں، یورپ مذاکراتی عمل میں شامل ہے اور ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں